مہوش حیات نے بھارتی اداکار کے ساتھ کام کرنے کی خواہش پر جواب دے دیا

0
341

اداکارہ مہوش نے بھارتی فلم ساز، گلوکار و اداکار گپی گریوال کی جانب سے ان کے ساتھ کام کرنے کی خواہش پر جواب دیتے ہوئے بھارتی اسٹار کا شکریہ ادا کیا۔

اداکار و گلوکار گپی گریوال نے کرتارپور راہداری کے ذریعے پنجاب کے علاقے ننکانہ صاحب آکر سکھوں کے مذہبی پیشوا ’گرو نانک‘ کی آخری آرام گاہ کا دورہ کرتے وقت ایک ولاگر کے ساتھ بات چیت کے دوران مہوش حیات کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

گپی گریوال 2 روزہ دورے پر 20 جنوری کو پاکستان پہنچے تھے اور انہوں نے ننکانہ صاحب میں گرو نانک کی آخری آرام گاہ کا دورہ کرنے کے حوالے سے سوشل میڈیا پر پوسٹس بھی شیئر کیں۔

گپی گریوال پہلی بار پاکستان آئے اور انہوں نے زندگی میں پہلی بار اپنے مذہبی پیشوا کی آخری آرام گاہ کا دورہ کرنے پر شکرانہ بھی ادا کیے۔

Advertisements

گپی گریوال نے ننکانہ صاحب کے دورے کی ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے دعا کی کہ بھارتی پنجاب میں رہنے والے تمام پنجابی سکھ پاکستانی پنجاب آکر اپنے روحانی پیشوا گرو نانک کی آخری آرام گاہ کم سے کم ایک بار ضرور دیکھیں۔

ننکانہ صاحب کے دورے کے دوران ہی پاکستانی ولاگر تحسین باجوا نے پنجابی گلوکار و اداکار کا انٹرویو بھی کیا۔

پاکستانی ولاگر سے بات کے دوران بھارتی فلم ساز نے پاکستان آنے کی خوشی بیان کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بہت سکون اور پیار ملا۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گپی گریوال نے کہا کہ انہوں نے اگرچہ پاکستانی فلمیں بہت کم دیکھی ہیں تاہم انہوں نے ’پنجاب نہیں جاؤں گی‘ مکمل جب کہ ’مولا جٹ‘ کا ٹریلر دیکھا ہے۔

پسندیدہ گلوکار کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں گپی گریوال نے کہا کہ اگرچہ انہیں بہت زیادہ پاکستانی گلوکار پسند ہیں تاہم راحت علی خان ان کے سب سے زیادہ پسندیدہ گلوکار ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں بھارتی اداکار و گلوکار نے کہا کہ اگر انہیں موقع ملا تو وہ یقینا پاکستانی اداکارہ مہوش حیات کے ساتھ کام کریں گے۔

بھارتی اداکار و گلوکار کی جانب سے مہوش حیات کے ساتھ کام کرنے کی خواہش کی خبریں سامنے آنے کے بعد اداکارہ نے بھی انہیں جواب دیا اور ان کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا۔

مہوش حیات نے بھارتی اداکار و گلوکار کا ولاگر کو دیا گیا انٹرویو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے ان کی محبتوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں امید ہے کہ گپی گریوال نے پاکستانی مہمان نوازی کو انجوائے کیا ہوگا۔

تاہم اداکارہ نے واضح طور پر بھارتی گلوکار و اداکار کے ساتھ کام کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کوئی جواب نہیں دیا۔

Advertisements

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here